چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا ہے ، آرمی چیف سے ملاقات میں بھارتی مقبوضہ کشمیرسمیت علاقائی سیکیورٹی اورباہمی دفاعی تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا ۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کشمیرسمیت دیگر اہم امورپرچین کی حمایت کو سراہا ۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژو کیانگ نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل ژو کیانگ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ۔ جس میں بالخصوص مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دفاعی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ۔ جن میں دفاعی تعاون کے فروغ اور پاک فوج کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت دیگر اہم امور پر چین کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز پر کشمیر سمیت تمام ایشوز پر چین کی حمایت قابل تحسین ہے ۔ چینی وائس چئیرمین ملٹری کمیشن کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ جی ایچ کیو آمد پر جنرل ژو کیانگ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ۔