Aaj Logo

شائع 26 اگست 2019 05:00pm

راہول گاندھی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر پابندی

کانگریس کے لیڈر اور اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے مقبوضہ کشمیر میں دورے پر پابندی لگادی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کے بھارت نواز گورنر ستیا پال نے راہول گاندھی کو کہا ہے کہ وہ آئندہ مقبوضہ علاقے کا دورہ حکومت سے اجازت لینے کے بعد کریں۔

گورنر مقبوضہ کشمیر نے راہول گاندھی کو وادی کے دورے کی دعوت دی تھی ، اس حوالے سے مزید بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو دورے کی دعوت اسلئے دی گئی تھی کیونکہ انہوں نے یہاں پر تشدد کے واقعات رونما ہونے کے حوالے سے بیان دیا تھا اور دورے کی دعوت دینے کا مقصد یہ تھا کہ ان کی یہاں کے حالات سے متعلق خیالات کو تبدیل کیا جاسکے۔

ستیاپال کا کہنا تھا کہ جب راہول گاندھی نے مسلسل پانچ دن تک کوئی جواب نہیں دیا۔ پھر راہول نے قیدیوں سے ملنے کی شرط پر اس دورے کی حامی بھری تھی جس پر ان کے دورے کو منظور نہیں کیا گیا تھا  تو اب وہ اس حوالے سے معاملے کو ختم کرنا چاہیں گے۔

تاہم اپنے بیان میں انہوں نے تسلیم کیا کہ ابھی وادی میں صورتحال معمول پر نہیں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں خطرات کا سامنا ہے اور راہول کو قطعی طور پر دورے کی منظوری نہیں دی گئی تھی کیونکہ اس سے علاقے میں نارمل حالات واپس لانے میں مزید دشواری ہوگی۔

انٹرنیٹ اور ذرائع مواصلات کے انقطاع سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی حکومت کی ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ ہے ۔

واضح رہے کہ راہول گاندھی کی سربراہی میں مقبوضہ کشمیر کے دورے پر پہنچنے والے ایک وفد کو سری نگر ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت مودی سرکار کی جانب سے نہیں دی گئی تھی اور اس کو واپس نئی دہلی بھیج دیا گیا تھا۔

Read Comments