کراچی: حکومتِ سندھ نے 9 اور 10 محرم الحرام کو سیکورٹی خدشات کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔
سندھ حکومت نے محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر جبکہ اسلحہ کی نمائش پر 10 کی پابندی ہوگی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، بزرگ، صحافی اور وردی میں موجود سیکیورٹی اداروں کے اہلکار مستثنٰی ہونگے۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محرم کے جلوسوں کے علاوہ 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد ہوگئی جب کہ ہر قسم کا اسلحہ لے کر چلنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ نفرت آمیز تقاریر، آڈیو، ویڈیو سمیت مختلف مواد نشر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔