کراچی: ميئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ جھاڑو دينے کی تصوير انسٹا گرام کیلئے کھنچوائی تھی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ميں گفتگو کرتے ہوئے ميئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کے ايم سی کے 13 ہزار ملازمين ہيں، يہ برسوں سے ملازمتيں کررہے ہيں، انہيں نکالا نہيں جاسکتا، ڈی ایم سیز کی ذمہ داری ہے کہ ان کی بائيو ميٹرک کرائے۔ مئیر کراچی نے يہ بھي بتايا کہ انہوں نے جھاڑو دينے کی تصوير انسٹا گرام کیلئے کھنچوائی تھی، لندن ميں مقیم پاکستانيوں نے کہا تھا آپ ايسی تصوير کھنچوا کر بھيج ديں، وہ آگہی مہم چلانا چاہتے ہيں تاکہ لوگ متاثر ہوکر کام ميں تعاون کريں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 10، 12 سال کا کچرا ہے، یہ جھاڑو نہيں ڈمپر اور لوڈر سے اُٹھے گا۔ میئر کراچی نے کہ وزيراعلیٰ نے شہر کی صفائی کیلئے وزيربلديات اور ايم ڈی واٹر بورڈ کو اڑتاليس گھنٹوں کی مہلت دی ہے۔