چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو کے معاملے پر کارروائی کے لیے انتظامی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم احمد خان کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی کا اجلاس چھبیس اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ کے 6 سینئر ترین ججز بھی شریک ہوں گے۔
رجسٹرار ہائیکورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کر دیا ہے، ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر جج ارشد ملک کو معطل کردیا گیا ہے۔
انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں انکوائری کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ جج ارشد ملک سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ویڈیو سےمتعلق تحقیقات کی جائیں گی، ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں جج ارشد ملک کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔