نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور سری لنکن آف اسپنر اکیلا دھننجیا کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اکیلا دھننجیا کا بولنگ ایکشن گزشتہ برس دسمبر میں بھی رپورٹ ہوا تھا جس کی وجہ سے اب ان پر ایک سالہ پابندی کی تلوار لٹک رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلے 12 روز تک دھننجیا کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر ان کا ایکشن مشکوک ثابت ہوا تو آئی سی سی قوانین کے مطابق ان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جائے گی۔
دھننجیا کے علاوہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز محض 3 اوورز کروانے والے کیوی کپتان کا بولنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوگیا ہے تاہم ان پر پابندی کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل ان کا بولنگ ایکشن 2014 میں رپورٹ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود دھننجیا اور ولیمسن دوسرے ٹیسٹ میچ میں بولنگ کرسکتے ہیں۔