Aaj Logo

شائع 22 اگست 2019 02:54pm

شکیب اور محمود اللہ کا جھگڑا؟ آل راؤنڈر نے خاموشی توڑدی

گزشتہ دنوں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عالمی کپ 2019 میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن اور محمود اللہ ریاض کے درمیان تلخی پیدا ہوگئی تھی۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو جیت کا یقین تھا لیکن محمود اللہ ریاض نے درست طریقے سے بیٹنگ نہ کی اور بنگلا دیشی ٹیم میچ ہار گئی جس کے بعد شکیب الحسن اور محمود اللہ کے درمیان تلخی پیدا ہوگئی تھی۔

ایک رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ اس میچ کے بعد  شکیب الحسن نے کپتان مشرفی مرتضیٰ سے محمود اللہ کو ڈراپ کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھامگر انہوں نے یہ مطالبہ نہیں مانا تھا۔

یہ بھی خبریں تھیں کہ اس تمام تر صورتحال کے بعد شکیب الحسن ناراض ہوگئے اور ٹیم میٹنگ میں بھی زیادہ حصہ نہیں لیا۔

اب اس معاملے پر آل راؤنڈر محمود اللہ نے خود ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایمانداری سے بتا رہا ہوں میرا شکیب الحسن سے کوئی جھگڑا یا مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، وہ اور میں بہت اچھے دوست ہیں۔

واضح رہے شکیب الحسن نے عالمی کپ 2019 میں بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا مگر ان کی ٹیم ٹاپ فور کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی تھی اور ایونٹ میں چھٹے نمبر پر رہی تھی۔

Read Comments