لاہور: سیشن کورٹ نے گلوکار علی ظفر کے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت دعویٰ کے گواہان کو بارہ ستمبر کو طلب کرلیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج لاہور امجد علی شاہ نے علی ظفر کے میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت کی۔
علی ظفر کی جانب سے دو گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کروائے، عدالت نے دیگر گواہان کو بیان ریکارڈ کروانے جبکہ دونوں گواہان کو جرح کیلئے بارہ ستمبر کو طلب کرلیا۔
ہتک عزت دعویٰ کیس میں علی ظفر کی جانب سے اب تک تیرہ گواہان اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔
علی ظفر نے میشاء شفیع کے خلاف سو کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میشاء شفیع نے ہراسگی کا الزام لگا کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے۔