نیو یارک: ٹیسلا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مریخ کے ماحول میں تبدیلی کیلئے اس پر جوہری بم گرانا چاہئیے۔ ایلون مسک جو کہ اسپیس ایکس نامی خلائی کمپنی کے سی ای او ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ارب پتی بھی ہیں نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ اس سے قبل اسی طرح کی خواہش کا اظہار انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی کیا۔ Nuke Mars! — Elon Musk (@elonmusk) August 16, 2019 معروف سائنسی و سماجی شخصیت ایلون مسک نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانوں کو مریخ پر بسانے کے قابل سیارہ بنانے کیلئے وہاں ایٹم بم گرا دیں، بم گرانے سے سرخ سیارے کے قطب پر موجود برف پگھل جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایٹم بم گرانے کے بعد قطبین پر موجود برف پگھلے گی، جس سے برف میں قید کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سیارے کے کرہ ہوائی میں پھیل جائے گی۔ اس سے پیدا ہونیوالا گرین ہاﺅس گیس افیکٹ سیارے کا درجہ حرارت اور ہوا کا دباؤ بڑھا دے گا۔ یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ایلون مسک نے مشورہ دیا ہو، اس سے قبل 2015ء میں بھی وہ اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ماحولیاتی تبدیلی (کلائمٹ چینج) کی تیز ترین ترکیب ہے، نیو اسپیس جریدے میں بھی انہوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک صدی سے بھی کم عرصہ میں انسان 10 لاکھ افراد پر مشتمل ایک کالونی مریخ پر بسا سکتا ہے۔