آئی سی سی نے بین الاقوامی کرکٹ میں تھرڈ امپائر کے ذریعے نو بال کا تعین کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب فرنٹ فٹ نو بال پر تھرڈ امپائر نظر رکھیں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ 6 ماہ میں کچھ محدود اوورز کی سیریز میں تھرڈ امپائرز کے ذریعے نو بال دینے کا تجربہ کرے گی۔
نو بال کے تعین کیلئے نشریاتی ادارہ چند سیکنڈز میں ہی تھرڈ امپائر کو فوٹیج فراہم کردے گا اور تھرڈ امپائر فوری طور پر فیلڈ امپائرز کو نو بال کے بارے میں آگاہ کرسکے گا۔
واضح رہے سنہ 2016 میں پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز میں بھی یہ تجربہ کیا جاچکا ہے تاہم اب آئی سی سی کا کہنا ہے اس بار بڑے پیمانے پر اس کی آزمائش کی جائے گی اور اگر تجربہ کامیاب رہا تو پھر مستقل بنیادوں پر اسے نافذ کردیا جائے گا۔