Aaj Logo

شائع 11 اگست 2019 07:25am

کراچی: موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں سیلاب، تباہی اور ہلاکتیں

کراچی: شہر اور گردونواح میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، صفورا، ٹاور، اولڈسٹی ایریا، صدر، گارڈن، گرومندر، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی، لانڈھی میں تیز بارش جاری ہے۔

ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، ناظم آباد، لسبیلا، گولی مار، سائٹ ایریا، اورنگی، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، نیوکراچی میں بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔

کراچی میں بارش کے دوسرے اسپیل نے تباہی مچادی ہے، رات سے جاری بارش سے نشیبی علاقے سیلاب کا منظر پیش کررہے ہیں، شہر کی متعدد سڑکیں زیرآب ہیں، ندی نالوں کے قریب موجود مکانوں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، شہر کا بہت بڑا حصہ بجلی سے محروم رہا، کرنٹ لگنے سے پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ناگن چورنگی، سخی حسن، گولیمار چورنگی،ناظم آباد سات نمبر، نیپا پر سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

شہر کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال اچھی نہیں، گجرنالے کے اطراف چونا ڈپو کے علاقے میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔

شہر کے کئی علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی معطل ہے جبکہ کرنٹ لگنے سے کھارادر میں 35 سالہ عمر، اورنگی ٹاؤن میں 25 سالہ شہباز، بھینس کالونی میں شہباز حسین، سولجر بازار میں 17 سالہ کیف اور راشد مہناس روڈ کے قریب 25 سالہ احسان اللہ جاں بحق ہوئے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 150 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں  149، لانڈھی میں 117.5، جناح ٹرمینل میں  126.2، شاہ فیصل بیس پر121، میٹ کمپلیکس جوہر میں  110.2، پی اے ایف مسرور پر 110، نارتھ کراچی میں 78.6، ناظم آباد میں 109.2، صدر میں 86، اور کیماڑی میں 92.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید تیز بارش ہوسکتی ہے، بارش کا سلسلہ 36 سے 42 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

Read Comments