مکہ مکرمہ: سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان توحید اپنے مالک کے حضور سربسجود ہو کر اس دنیا میں عطا کردہ بے پایاں نعمتوں کا شکر بجا لاتے نظر آئے۔
دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان گزشتہ روز حج کے رکن اعظم کے بعد آج عید الاضحیٰ منانے میں مصروف ہیں، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں امت مسلمہ کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
اس موقع پر آئمہ کرام نے خطبہ عید میں فلسفہ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے خدا کے احکامات کے تحت اس فانی دنیا کی بجائے آخرت کیلئے زندگیاں وقف کرنے کا درس دیا۔
حجاج کرام نماز عید کے بعد منیٰ روانہ ہو گئے جہاں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے۔ منیٰ، مکہ، جدہ مدینہ اور دیگر شہروں میں خصوصی مذبح خانوں کا اہتمام کیا گیا۔ حجاج شیطان کو کنکریاں مارنے، قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔