کابل: افغان کرکٹ ٹیم کے آل ٹائم لیڈنگ رن اسکورر وکٹ کیپر بلے باز محمد شہزاد کو پشاور (پاکستان) میں پریکٹس کرنا مہنگا پڑگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے محمد شہزاد کے اس عمل پر سزا دیتے ہوئے ان کا سنٹرل کنٹریکٹ غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔
اے سی بی کے اعلامیے کے مطابق 'کسی بھی کھلاڑی کو کسی دوسرے ملک میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے'۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد شہزاد نے بغیر اجازت پاکستان میں پریکٹس کرکے بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
ورلڈکپ 2019 کے درمیان بھی ان کا تنازع منظرعام پر آیا تھا، انہیں دورانِ ورلڈکپ فٹنس مسائل کا شکار کہہ کر وطن واپس روانہ کیا گیا تھا۔
جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اس طرح کے رویے پر ان کا دل کرکٹ سے اٹھ چکا ہے، وہ اپنے دوستوں اور فیملی سے مشورے کے بعد مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔