Aaj Logo

شائع 08 اگست 2019 01:34pm

'اب سلیکشن کمیٹی کی کیا ضرورت، خود ہی سلیکشن کرلی'

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے تقرر سے قبل ہی سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان پر سوالیہ نشان لگادیا۔

تفصیلات کے مطابق راشد لطیف نے پی سی بی کے عمل پر حیرانگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ 'اب سلیکشن کمیٹی کی کیا ضرورت، خود ہی سلیکشن کرلی، اب سلیکشن کمیٹی کو ان کھلاڑیوں میں سے ہی ٹیموں کا انتخاب کرنا ہوگا، سلیکشن کمیٹی کی مشاورت سے یہ کام کیا جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا'۔

واضح رہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 19 کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ محمد حفیظ، شعیب ملک، جنید خان، محمد آصف اور فہیم اشرف جگہ نہیں بناسکے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ دنوں عہدے سے رخصت لینے کا اعلان کیا تھا، اس عہدے کیلئے امیدواروں میں سابق کپتان محسن حسن خان کے ساتھ سابق کپتان راشد لطیف اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

Read Comments