باسکٹ بال کے امریکی کھلاڑی ڈونل ڈی جے کوپر پر دو سال کیلئے کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان پر یہ پابندی پیشاب کے ٹیسٹ میں حاملہ ظاہر ہونے پر لگائی گئی۔
28 سالہ کوپر یورپ میں اے ایس موناکو کیلئے کھیلتے ہیں۔ انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریش (ایف آئی بی اے) نے پیشاب ٹیسٹ کے غیر متوقع نتائج آنے پر کوپر پر پابندی لگائی ہے۔
ایف آئی بی اے کے مطابق ڈونل نے ٹیسٹ کیلئے اپنے پیشاب کے نمونے کی بجائے کسی خاتون کے پیشاب کے نمونے بھیجے تھے۔ اسی وجہ سے کوپر پر دو سال کیلئے پابندی عائد کر دی گئی۔
پچھلے سال ستمبر میں ڈی جے کوپر نے اعلان کیا تھا کہ وہ اے ایس موناکو کو چھوڑ رہے ہیں حالانکہ اس کلب میں انہوں نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
انہوں نے کلب چھوڑنے پر ذاتی وجوہات کا ذکر کیا۔ تاہم اب اندازہ ہو رہا ہے کہ اُن کے کلب چھوڑنے کی وجوہات کیا تھیں۔
کوپر نے 2014 میں بوسنیا کی شہریت لی تھی، وہ بوسنیا کی باسکٹ بال ٹیم کا حصہ بننا چاہتے تھے۔ اسی لیے انہیں روٹین کے ڈرگ ٹسٹ کیلئے پیشاب کا تجزیہ کرانا تھا، تاہم انہوں نے اپنا پیشاب دینے کی بجائے کسی خاتون کا پیشاب دے دیا۔
ایف آئی بی اے نے تصدیق کی کہ کوپر پر جون 2018 میں دھوکہ دہی پر پابندی لگائی گئی تھی۔ کوپر پر پابندی 24 جون 2020 کو ختم ہوگی۔