Aaj Logo

شائع 07 اگست 2019 04:33pm

آفریدی کے ساتھ مشترکہ چیریٹی، یووراج سنگھ تنقید کی زد میں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر بوم بوم شاہد خان آفریدی ان دنوں سماجی کاموں میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے کینسر سے جنگ لڑنے والے سابق بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ کے ہمراہ کینیڈا میں کینسر کیخلاف مشترکہ طور پر چیریٹی کی۔

حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود دونوں کھلاڑیوں کے اس عمل کو جہاں پاکستان میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے وہیں بھارتی انتہا پسند ہندوؤں نے یووراج سنگھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

آفریدی اور یووراج کی سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصاویر وائرل ہوئیں تو پاکستانیوں کی جانب سے دونوں اسٹار کھلاڑیوں کے اس عمل کو سراہا گیا۔

اس کے برعکس بھارتی انتہا پسند ہندؤوں نے یووراج سنگھ کو 'غدار' قرار دینا شروع کردیا اور انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے بھارتی پارلیمنٹ میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی جس کے بعد دونوں ممالک میں صورتحال کافی کشیدہ ہے۔

Read Comments