Aaj Logo

شائع 07 اگست 2019 03:00pm

ابوظہبی ٹی ٹین ڈرافٹنگ میں ورلڈکپ ہیروز کی شمولیت کی تصدیق

ابوظہبی: ورلڈکپ کے فاتح انگلیڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان آئن مورگن، پاکستانی مایہ ناز بلے باز شعیب ملک، آسٹریلین ٹیم کے آئیکن شین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ ڈرافٹنگ میں شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ ڈیرن سیمی، آندرے رسل، سنیل نارائن اور ڈوین براؤو نے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لئے رضا مندی ظاہر کردی۔

آئی سی سی سے منظور شدہ اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ سیریز 15 سے 24 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں کھیلی جائے گی۔

ابوظہبی ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورازم، ابوظبی اسپورٹس کاونسل اور ابوظبی کرکٹ کا ٹی 10 اسپورٹس منیجمنٹ کے ساتھ 2023 تک معاہدہ طے پاگیا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے شاندار مقابلوں کے بعد متحدہ عرب امارات میں دنیا کے تمام بڑے کرکٹ اسٹارز زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں 15 سے 24 نومبر تک جاری رہنے والے ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں ایکشن میں نظرآئیں گے۔

ٹی 10 لیگ کے تیسرے سیزن میں انٹرنیشنل کرکٹ کے مایہ ناز کپتان اور ورلڈکپ کے نئے ہیروز ملکر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

ٹی 10 لیگ میں شمولیت کے لئے ورلڈکپ کے فاتح کپتان آئن مورگن، پاکستانی کے مشہور بے باز شعیب ملک، ویسٹ اینڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی، سری لنکا کے انجلو میتھیوز اور فاسٹ بولر ملنگا، آسٹریلیا سے شین واٹسن اور کیمرون وائٹ، افغانستان کے بلے باز محمد شہزاد اور ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل، کیرون پولارڈ اور ڈوین براؤو شامل ہیں۔ یہ کھلاڑی ابوظہبی ٹی 10 کی ڈرافٹنگ میں شامل ہوں گے۔

ابوظبی اسپورٹس کے جنرل سیکریٹری عزت مآب عارف العوانی نے کہا کہ ابوظہبی ٹی 10 میں دنیائے کرکٹ کی مایہ ناز کھلاڑی اور کھیل کے سفیروں کا انتخاب کیا گیا ہے ہمارے لئے یہ انتہائی مسرت کا مقام ہے کہ ہم اس معاہدے کے بعد دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات لارہے ہیں جن میں آئن مورگن سرفہرست ہے۔

آئن مورگن نے پہلے ہی ٹی 10کے فارمیٹ کو بہت پسند کیا ہے اور آئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری یہاں مقیم کئی والدین سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ذکر کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ دیکھنے کا لطف اپنی فیملی کے ساتھ پہلی بار آیا خصوصا بچوں نے کرکٹ کے ہر لمحے کو انجوائے کیا۔

عارف العوامی کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 10 سیزن تھری میں ہماری کوشش ہو گی کہ شائقین کرکٹ کے علاوہ بچوں کو بھی اسٹیڈیم میں لایا جائے تاکہ کھیل اور گلیمر سے ایک ساتھ محظوظ ہوں اس سے یقینی طور پر کرکٹ کو مستقبل روشن ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی ٹی 10 لیگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ابوظہبی کا کرکٹ گراؤنڈ ٹی 10 کے انعقاد کے لئے بہترین جگہ ہے جہاں نہ صرف شائقین کرکٹ کثیر تعداد میں ہیں بلکہ کرکٹ کے لئے بہترین سہولیات بھی موجود ہیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ اس بار ٹی 10 مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا۔

ٹی 10 اسپورٹس مینجمنٹ گروپ کے بانی اور چیئرمین نواب شجیع الملک نے کہا کہ دس اوورز یعنی صرف 60 گیندوں پر بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جس کا دورانیہ صرف 90منٹ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 10 فارمیٹ نے کھیل کو یکسر تبدیل کردیا ہے اور حال ہی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کو دنیا بھر میں دیکھا گیا جس کے بعد بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا سے باہر کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو لایا جائے گا جہاں ان کی مقبولیت پہلے سے موجود ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹی 10کی میزبانی کے لئے طویل مدتی شراکت کے ساتھ اس کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ بے مثال ایکشن سے بھرپور کرکٹ کو ایک ایسا ماحول دیا جائے تو ناقابل فراموش ہو۔

ابوظہبی ٹی 10 بین الاقوامی سطح پر پہلی باقاعدہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور امارات کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ کرکٹ سیریز ہے جس میں آٹھ ٹیمیں جن میں کیرالہ نائٹس، بنگال ٹائیگرز، ناردن واریئرز، پختونز، دکن گلیڈی ایٹرز، پنجاب لیجنڈز، مراٹھا عریبین اور راجپوت شامل ہیں۔ یہ تمام ٹیمیں ستمبر کے وسط میں منعقدہ ڈرافٹنگ میں حصہ لیں گی۔

ابوظہبی کرکٹ کے سی ای او میٹ باؤچر ابوظہبی میں ٹی 10 کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے اس سے ابوظہبی میں کرکٹ کو فروغ ملے گا اور اگلے پانچ سالوں میں ابوظہبی عالمی کرکٹ کیلنڈر میں اہمیت کا حامل ہوگا۔

اس سے خطے میں کرکٹ کو ترقی ملے گی اس شاندار پیش رفت پر ہم محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا۔

سعید ال سعید (ڈائریکٹر آف ڈیسٹی نیشن مارکیٹنگ، ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورازم ابوظہبی) نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے شائقین کرکٹ کو ابوظہبی ٹی ٹین میں خوش آمدید کہتے ہیں جہاں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ابوظبی ٹی 10میں ان کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر مشہور کھلاڑی بھی وسط ستمبر میں ہونے والے ڈرافٹنگ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

Read Comments