Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 اگست 2019 06:58am

فکسنگ کی پیشکش: عمر اکمل نے سابق قومی کرکٹر کی رپورٹ کردی

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے فکسنگ کی پیشکش کرنے والے سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر کو رپورٹ کردیا۔

گلوبل ٹی 20 کینیڈا لیگ میں اینٹی کرپشن یونٹ کے ارکان نے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کرش اور منصور اختر نامی دو اشخاص سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر یہ افراد ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں تو فوراً مطلع کریں۔ کرش کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ دوسرا شخص سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر ہے۔

ایک معروف روزنامے کی رپورٹ کے مطابق منصور اختر کے بارے میں عمر اکمل نے اینٹی کرپشن کو رپورٹ کی ہے کہ انہیں منصور کی جانب سے کرپشن میں ملوث ہونے کی پیش کش کی گئی ہے۔

امریکا میں مقیم 61 سالہ منصور اختر گلوبل ٹی 20 لیگ میں ونیپیگ ہاکس کے آفیشل تھے اور عمر اکمل بھی اسی ٹیم کیلئے کھیل رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جب منصور اختر نے کرپشن میں ملوث ہونے کی پیش کش کی تو عمر اکمل نے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بعدازاں گلوبل کینیڈا لیگ کے منتظمین کو مطلع کیا۔

1980ء سے 1990ء تک پاکستان کیلئے 19 ٹیسٹ اور 41 بین الاقوامی ون ڈے کھیلنے والے منصور اختر اب منظر عام سے غائب ہیں۔

واضح رہے کہ گلوبل ٹی 20لیگ میں پاکستان کے عمر اکمل سمیت 9 کرکٹرز ایکشن میں ہیں۔

Read Comments