چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کا معاملہ مسلم لیگ ن نے اپنے سینیٹرزسے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ تحقیقاتی کمیٹی نے سوالنامہ تیار کرلیا،کل سے پارٹی کے تمام سینیٹرزکے انٹرویوزکیے جائیں گے اوران کو سوالنامہ فراہم کیا جائے گا ۔
سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی ،کون کون سینیٹر تحریک کی ناکامی کا سبب بنا مسلم لیگ ن کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مسلم لیگ ن کی پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر رانا مقبول کی زیر صدارت اجلاس ہوا،تحقیقاتی کمیٹی نے اپنے سینیٹرزسے پوچھ گچھ کیلئے ایک سوالنامہ بھی تیار کیا ہے ۔کمیٹی مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرزکوفرداً فرداً بلاکرتحقیقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی ایک ایک سینیٹرکے سامنے تحقیقات کیلئے سوالنامہ رکھے گی اور تمام سینیٹرزکا انٹرویو بھی لیا جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی سوالنامہ اور انٹرویو کے موازنہ پر اپنی تحقیقات مکمل کرے گی ،ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرویو اور سوالنامہ کے بعد امید ہے ضمیرفروش خود ہی اپنی شناخت ظاہرکردے گا ۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے سینیٹرزکے ہونے والے اجلاس میں ضمیرفروش سینیٹرز کو بے نقاب کرنے کیلیے سینیٹررانا مقبول کی سربراہی میں فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی تھی جس میں اقبال ظفر جھگڑا،شاہ محمدشاہ،رانا تنویر حسین اورمحمد ریاض جج شامل ہیں ۔