پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی وجہ سے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سمرسیٹ کی آفیشل ویب سائٹ کا رخ کرنے لگی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹار بلے باز بابر اعظم کی وجہ سے کاؤنٹی کلب کے ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایگزیکٹیو بین وارین کو ویب سائٹ کی ٹریفک گنجائش میں اضافہ کرنا پڑگیا۔
اس کے علاوہ سمرسیٹ کے میچز کو یوٹیوب پر بھی بہت زیادہ دیکھا جارہا ہے۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں سمرسیٹ کے پہلے میچ کے بعد ویب سائٹ سرور کی گنجائش میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا اور اسی وجہ سے دوسرے میچ کو لائیو نہیں دکھایا گیا۔
سمر سیٹ اور گلمورگن کاؤنٹی کے درمیان گزشتہ ہفتے کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 83 رنز اسکور کئے لیکن بدقسمتی سے ان کی ٹیم میچ نہیں جیت سکی تھی، اس میچ کو بابر اعظم کی وجہ سے یوٹیوب پر 1 اعشاریہ 5 ملین ویوز ملے۔
پاکستانی شائقین خصوصاً بابراعظم کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے لائیو اسٹریمنگ سرچ کرتے ہیں اور اسی وجہ سے سمرسیٹ کو ویب سائٹ کی ٹریفک گنجائش میں اضافہ کرنا پڑگیا۔