چین نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے پر بھارتی سرکار کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو خود چین کیلئے خطرہ قرار دےدیا۔
کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے پر چین کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور چین کیجانب سے مودی سرکارکے اقدامات کے مذمت کی گئی ہے ، چین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے اقدام سے چین کی اپنی سلامتی پر اثر پڑا ہے۔
چین کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق چین کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے۔ اور اس حوالے سے عالمی برادری میں اتفاق رائے ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقبوضہ کشمیر کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔
چین نے دونوں ممالک پر مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدام سے پرہیز کیاجائے ۔
بیان میں چین نے پاکستان اور بھارت سے مزید مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک مذاکرات سے تنازعے کو حل کریں تاکہ خطے میں امن برقرار رہے سکے۔