اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان کا کہنا ہے کہ حاصل بزنجو را اور ملک دشمنوں کی زبان بولتے ہیں، 14 سینیٹرز کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، سینیٹ انتخابات میں جہانگیر ترین کا کوئی کردار نہیں تھا۔
غلام سرورخان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا فیڈریشن پر ضرب لگانے کی ناکام کوشش کی گئی تھی، سینیٹ میں چاروں کی صوبے کی برابر نمائندگی ہے، کہتے تھے اسپیکرقومی اسمبلی کیخلاف تحریک لائیں گے تو لاتے، انہوں نے کہا بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، بجٹ منظور ہوگیا۔
غلام سرورخان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کی کال دی لیکن ایک پلیٹ فارم پر نہیں تھے، اپوزیشن کی پہلے بھی ساری تحریکیں ناکام ہوئی اب بھی ہوئیں، سینیٹرز نے خفیہ بیلٹ پر اپنے ضمیر کےمطابق فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ میں کہتاہوں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، انتخابات میں جہانگیرترین کاکوئی کردارنہیں تھا۔ میر حاصل بزنجو کے بیان پر دکھ ہوا، ایسے لوگوں پر غداری کا مقدمہ بننا چاہیے، حاصل بزنجو نے بھارت کے مؤقف کی تائید کی، مذمت کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا لوگوں کی پگڑیاں اتاری جارہی ہیں ایسا نہیں ہوناچاہیے، لوگوں نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیا، چیئرمین سینیٹ کا کردار غیر جانبدار تھا۔
غلام سرورخان کا کہنا تھا کہ سینیٹرز اپنی جماعتوں کے ساتھ کھڑے ہوئے لیکن ووٹ اپنی مرضی سے دیا، جس نے ووٹ دیا اپنے ضمیر کے مطابق دیا۔