Aaj Logo

اپ ڈیٹ 01 اگست 2019 08:11am

یورپین کرکٹ لیگ: بولر کے منفرد ایکشن کا مذاق بن گیا

یورپین کرکٹ لیگ میں رومانین بولر کا منفرد ایکشن اُن کیلئے مذاق کا باعث بن گیا۔

کرکٹ میں منفرد بولنگ ایکشن متعدد بار سامنے آئے ہیں جن میں جنوبی افریقا کے پال ایڈمز، سری لنکا کے لیستھ ملنگا اور سری لنکا کے ہی مرلی دھرن کے ایکشنز نمایاں ہیں۔

اب یورپین کرکٹ لیگ میں رومانیہ کے گیند باز کے منفرد ایکشن نے ان کا مذاق بنوا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رومانیہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فلورین پاویل کی شائقین کرکٹ کے علاوہ بلے باز نے بھی خوب درگت بنائی اور انہیں کئی چھکے اور چوکے کھانے پڑے۔

اس حوالے سے گیندباز فلورین پاویل نے کہا ہے کہ ان کا بولنگ ایکشن اور بولنگ اچھی نہیں لیکن انہیں کرکٹ سے محبت ہے اس لئے مذاق بننے کی پرواہ کئے بغیر وہ بولنگ جاری رکھیں گے۔

اسی حوالے سے مایاناز گیند باز اسپنر شین وارن نے پاویل کا دفاع کیا ہے اور ان کو مدد کی بھی پیش کش کردی ہے۔ فلورین پاویل ایک فرم میں باڈی گارڈ کی ملازمت کرتے ہیں اور اپنے فارغ اوقات میں کلج کرکٹ کلب کی جانب سے کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔ چالیس سالہ آل راؤنڈر پاویل فلورین نے یورپین کرکٹ لیگ میں ایک اوور کیا اور انہوں نے 13 رنز دئیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مئی میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں انہوں نے تین اوور کے اسپیل میں 36 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاویل کی دو میچز میں بولنگ اور بیٹنگ نہیں آئی اور ان کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہم لیگ کے تین میچز ہار چکے ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمیں اس لیگ سے بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا ہے۔

Read Comments