سام سنگ گیلیکسی نوٹ 10 کے بعد صارفین کو گیلیکسی ایس 11 کا انتظار ہے، جبکہ اس کے بارے میں تفصیلات ابھی سے سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں اور لگتا ہے اس بار ڈیزائن کے لحاظ سے وہ لوگوں کو چونکا دے گا۔ سام سنگ کی جانب سے کوریا میں رجسٹرڈ کرائے گئے پیٹنٹ کی تصاویر ڈچ ویب سائٹ لیٹس گو ڈیجیٹل نے لیک کی ہیں، جن کو دیکھ کر لگتا ہے کہ گلیکسی ایس 11 میں بہت بڑا ڈسپلے دیا جارہا ہے مگر پھر بھی وہ آرام سے جیب میں فٹ آجائے گا۔ اس ڈیزائن پیٹنٹ کی تفصیلات تو موجود نہیں مگر تصاویر یا رینڈرز سے معلوم ہوتا ہے کہ گیلیکسی ایس 11 کی اسکرین دائیں جانب کھلے گی۔ اسکرین کے اردگرد فریم بارڈر بھی جزوی طور پر شفٹ ہوتی ہے، جس سے لچکدار ڈسپلے کو تحفظ ملتا ہے۔ لچکدار ڈسپلے کی بدولت اس فون کو کھولنے پر ڈسپلے 50 فیصد زیادہ بڑا ہوجائے گا۔ اس میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہوں گے اور پنچ ہول کیمرا دئے جانے کا امکان ہے، جبکہ بیک پر کیمروں کو دائیں کونے میں منتقل کردیا جائے گا۔ پیٹنٹ سے تو واضح نہیں کہ فون میں کتنے کیمرے دیئے جائیں گے مگر لیٹس گو ڈیجیٹل کے تھری ڈی رینڈرز میں وہی سیٹ اپ نظر آرہا ہے جو اس وقت فلیگ شپ ماڈلز میں نظر آرہا ہے۔ خیال رہے کہ گیلیکسی ایس 11 آئندہ سال فروری یا مارچ میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جب تک جاری رہے گا۔