شاؤمی اپنے مناسب قیمت والے فونز کی وجہ سے جانی جاتی ہے، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ مہنگی ڈیوائسز تیار نہیں کرسکتی۔ اگر آپ شاؤمی کے صارف ہیں اور مہنگے فونز پسند کرتے ہیں تو آپ اس کمپنی کا مکمل طور پر سونے سے تیار فون خرید سکتے ہیں، لیکن اس کیلئے آپ کو بھارت جانا ہوگا۔ شاؤمی نے گزشتہ دنوں بھارت میں اپنی ریڈمی کے 20 سیریز کے فونز متعارف کرائے تھے۔ کے 20 پرو کی قیمت 405 ڈالرز (64 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی تھی، جس میں اسنیپ ڈریگن 855 پراسیسر، 6 جی بی ریم، ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سنسر اور 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ قابل ذکر فیچر ہیں۔ Introducing the signature edition #RedmiK20Pro, made of gold. Not gold plated, it's made of real gold and embellished with diamonds. We will be making 20 limited units of this phone worth ₹4,80,000 each.#BelieveTheHype #FlagshipKiller pic.twitter.com/STJsNcub0W — Redmi India for #MiFans (@RedmiIndia) July 17, 2019 تاہم اس کا کمپنی نے ایک خصوصی ایڈیشن بھی تیار کیا ہے جس کی قیمت 7 ہزار ڈالرز (11 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔ جان لیں کہ یہ سونے کے پانی سے مزئین نہیں بلکہ مکمل طور پر سونے سے ہی تیار کیا گیا ہے جبکہ اس کی زیبائش بڑھانے کیلئے ہیروں کا بھی استعمال کیا گیا ہے، جس کی تصدیق کمپنی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کی۔ اس خصوصی ایڈیشن کے فیچرز سستے ورژن جیسے ہی ہیں بس اس کی خوبصورتی نے اس کی قیمت کو کئی گنا زیادہ بڑھا دیا ہے، اس طرح یہ شاؤمی کا سب سے مہنگا فون بھی بن گیا ہے۔ اس فون کے صرف 20 یونٹ ہی تیار کئے گئے ہیں، یعنی خریدنے والوں کے پاس مواقع بہت کم ہیں۔ ویسے اکثر اسمارٹ فونز کے گولڈ ایڈیشن سامنے آتے رہتے ہیں مگر عام طور پر کمپنیاں خود اس طرح کے ایڈیشن تیار کرنے سے گریز کرتی ہیں۔