چین میں ایم سی ڈبلیو شنگھائی 2019 کانفرنس میں سب سے اہم اعلان اوپو نے کیا۔ اوپو نے اپنا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرہ اسمارٹ فون جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کیمرے کی بدولت صارفین بغیر کسی نوچ کے فل سکرین کے تجربے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کو کام میں لانے کیلئے اوپو نے کسٹمائزڈ ڈسپلے اور کیمرہ موڈیول متعارف کرائے ہیں۔ اس کیمرے کے اوپر اسکرین کا حصہ زیادہ شفاف میٹریل سے بنایا گیا ہے۔ جس کے پکسل اسٹرکچر کو بھی ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس فون کا کیمرہ بھی خاص ہے۔ یہ بڑے اپرچر، بڑے سنسر اور بڑے پکسل سائز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ عام طور پر جب روشنی سینسر سے ٹکراتی ہے تو تصویر بنتی ہے۔ اگر لینز پر کچھ ہو تو تصویر دھندلی آتی ہے۔ اوپو کا کہنا ہے کہ اُن کے 3 الگورتھم ڈسپلے پرفارمنس کو خراب کئے بغیر تصویر کو بہتر بناتے ہیں۔
اس فون میں پہلا الگورتھم وائٹ بیلنس کا ہے۔ یہ رنگوں کو کسی بھی لائٹ سورس کے حساب سے ایڈجسٹ کرتا ہے۔ دوسرا ایچ ڈی آر الگورتھم ہے جو اوور ایکسپوزڈ ہائی لائٹ کو کم کرتا ہے اور سائے میں برائٹ نیس کو بڑھاتا ہے۔ ہیز ریموول (Haze Removal) الگورتھم لینز کے اوپر ٹھوس ڈسپلے کی وجہ سے ہے۔ یہ تصویر کی شارپ نیس بڑھاتا ہے۔
اوپو کا کہنا ہے کہ انہوں نے مستقبل کا، نوچ لیس اور یونی باڈی اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے۔ تاہم کمپنی نے ابھی تک کسی کو اس کے ہارڈ وئیر کی تفصیل، نہ ہی قیمت اور نہ ہی دستیابی کے بارے میں کچھ بتایا ہے۔