تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ہمارا بنا پائلٹ کوئی ڈرون تباہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں امریکی بحریہ نے غلطی سے اپنے ہی کسی ڈرون کو تباہ نہ کردیا ہو۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بحریہ کے جنگی بحری جہاز کو دھمکی دے کر دھونس جمانے والے ایرانی ڈرون کو امریکی بحریہ نے مار گرایا ہے۔ عباس عراقجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے فکر ہے کہ یو ایس ایس باکسر نے اپنا ہی جاسوس طیارہ غلطی سے نہ مار گرایا ہو۔ We have not lost any drone in the Strait of Hormuz nor anywhere else. I am worried that USS Boxer has shot down their own UAS by mistake! — Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) July 19, 2019 صدر ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ایرانی ڈرون بحریہ کے جنگی جہاز کے بہت قریب آگیا تھا اور فاصلہ صرف ایک ہزار گز کا رہ گیا تھا تو دفاع میں یہ کارروائی کی گئی۔ امریکی صدر کے اعلان کے بعد ایران نے کہا تھا کہ اس کے پاس اپنے ڈرون کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے جب کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی اپنی لاعلمی ظاہر کی تھی جب کہ وہ نیویارک میں موجود تھے۔