سابق کپتان انضمام الحق تین سال چیف سلیکٹر کے عہدے پر فائز رہے، اس دوران پاکستان ٹیم نے کیا کھویا کیا پایا، رینکنگ کیا رہی اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کیا رہی۔
انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تو پاکستان ٹیسٹ ٹیم عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر تھا، اور اب ٹیسٹ رینکنگ میں ساتواں نمبر ہے۔
ان کے دور میں پاکستان ٹیم نے 28 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے 17 میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ صرف دس ٹیسٹ میچز میں کامیابی ملی۔
اس کے علاوہ پاکستان کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری آئی ہے، ان کے دور میں گرین شرٹس نویں سے چھٹے نمبر پر آگئے۔
ان کے دور میں پاکستان نے کُل 68 ایک روزہ میچز کھیلے جن میں سے 32 میچز جیتے جبکہ چونتیس میں اسے شکست ہوئی۔
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی، 37 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 30 میں میدان مارا۔
تین سالہ دور میں سب سے بڑی کامیابی 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کی صورت میں آئی، جہاں پاکستان نے بھارت کو ہراکر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔