کمپنی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ طبی ماہرین کی جانب سے موصول ہونے والے ایک مشورے میں نیٹ فلِکس سے کہا گیا تھا کہ نوجوانوں میں مقبول اس ڈرامہ سیریز میں ایسے منظر کی موجودگی خودکشی کی حوصلہ افزائی کا باعث بن سکتی ہے۔
ڈرامہ سیریز "13 Reason Why" کے پہلے سیزن کی آخری قسط میں ڈرامے کی اہم کردار ہانا کا باتھ ٹب میں اپنی کلائی کی شریان کاٹ کر خودکشی کا سین تھا۔
نیٹ فلِکس کی جانب سے اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم منگل 16 جولائی کو اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس کمپنی کا کہنا تھا کہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے مشورے کے تناظر میں نیٹ فلِکس نے اس ڈرامہ سیریز کے خالق برائن یورکی اور پروڈیوسرز کے ساتھ بات چیت کے بعد ہانا کی خودکشی کا منظر ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بات اہم ہے کہ اس ڈرامہ سیریز میں اس منظر پر متعدد طبقات کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔ ناقدین الزام عائد کر رہے ہیں کہ اس ڈرامہ سیریز میں خودکشی کو کسی 'اچھے اقدام‘ کی طرح دکھایا گیا ہے۔
تاہم نیٹ فلِکس کے اس اعلان کے بعد مختلف گروپس کی جانب سے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
ایک حالیہ مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکا میں نیٹ فلِکس پر نوجوانوں کیلئے مختلف ڈرامہ سیریز کے آغاز کے بعد سے نوجوانوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔
امریکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے بھی اس مطالعاتی رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ 10 سے 17 برس کی عمر کے بچوں میں اپریل 2017 سے خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہوا۔