Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2019 06:39pm

ورلڈکپ فائنل: کیویز کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف

لارڈز: عالمی کپ 2019 کے فائنل معرکے میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو ورلڈکپ جیتنے کیلئے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز اسکور کئے۔

کیویز کی جانب سے ہینری نکلس 55، ٹام لیتھم 47، کپتان کین ولیمسن 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مارٹن گپٹل اور جمی نیشم 19، 19، ڈی گرینڈ ہوم 16، روس ٹیلر 15 اور میٹ ہینری 4 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

مچل سینٹنر 5 اور ٹرینٹ بولٹ 1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، لیئم پلنکت اور کرس ووکس نے تین تین جبکہ مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم اور میزبان انگلینڈ چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیل رہی ہے۔ انگلش ٹیم 1992 کے بعد اب جاکے  فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2015 کے ورلڈ کپ فائنل میں کیویز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار میگا ایونٹ میں تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں ابھی تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت پائیں۔

دوہزار گیارہ اور 2015 کے ورلڈ کپ میں  میزبان ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ 2011 میں بھارت اور 2015 میں آسٹریلیا ورلڈ چیمپیئن بنا۔ ایک بار پھر ایسا موقع آیا ہے کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر فائنل کھیل رہی ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظردہرائی جائے تو آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار عالمی چیمپئن رہ چکی ۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت نے 2،2 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا۔ پاکستان اور سری لنکا نے ایک ، ایک مرتبہ ورلڈ چیمپئن  ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔