نئے ٹیکسوں پر تاجر بلبلا اٹھے۔ کراچی تا خیبر ہڑتال کردی۔ کاروباری مراکز اور دکانیں بند کردیں۔ اسلام آباد۔ پشاور۔ کوئٹہ۔ سمیت کئی شہروں میں دکانوں پر تالے ہیں۔ کراچی اور لاہور میں تاجربرادری دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی۔ صادق آباد میں دکانیں بند کرانے والے تین افراد کو گرفتارکرلیاگیا۔
آل پاکستان تاجراتحاد کی کال پرتمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہڑتال ہے۔ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔
تاجر خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط سے پریشان ہیں اور حکومت سے فیصلہ واپس لینے کے مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی میں تاجرتنظیمیں تقسیم ہیں اور اس حوالے سے جزوی ہڑتال دیکھنے میں آئی ہے، اہم تجارتی مراکز بند ہیں۔ کھارادر، میٹھادر،جامع کلاتھ، ٹمبرمارکیٹ،لائٹ ہاؤس،طارق روڈ،حیدری،سمیت متعدد مارکیٹیں تاجروں نے بند رکھی ہیں۔
لاہور کی بیشتر مارکیٹوں پر بھی تالے۔ مال روڈ، ہال روڈ، اردو بازار، اچھرہ، لبرٹی مارکیٹ، صرافہ بازار سمیت کئی مراکز بند ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں تاجروں کی جانب سےمکمل شٹرڈاون ہے،تاجروں نے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی دی ہے
کوئٹہ میں لیاقت بازار،مسجد روڈ،پرنس روڈ،میزان چوک،سرکلر روڈ،نیواڈہ سمیت تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔