اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور مریم نواز نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔اور ملکی سیاسی صورتحال اور شریف خاندان کیخلاف مقدمات بارے مشاورت کی۔
کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے انکے بھائی قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور صاحبزادی مریم نواز نے ملاقات کی۔
ملاقات میں چئیرمین سینیٹ کے انتخاب سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہباز شریف اور مریم نواز کو اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے ساتھ چلنے کی ہدایت کی۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے اپوزیشن کیساتھ چلیں گے۔مہنگائی کے پسے عوام کیلئے مسلم لیگ نون واحد امید ہے۔نوازشریف نے مریم نواز کو ہدایت کی کہ وہ 19 جولائی کو احتساب عدالت میں ضرور پیش ہوں۔ ایک گھنٹے سے زائد وقت ملاقات کے بعد شہبازشریف اور مریم نواز کوٹ لکھپت جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکن دن بھر کوٹ لکھپت جیل کے باہر نعرے بازی کرتے رہے۔