پشاور:ریپڈ ٹرانزٹ روٹ پر بس تو نہ چل سکی، تاہم کاروبار کا آغاز ضرور ہوگیا ہے۔ ہشت نگری انڈرپاس کے نیچے حجام نے دکان کھولی تو لوگ بس پر بیٹھنے کی بجائے بال بنوانے کیلئے بی آر ٹی کا رخ کرنے لگے۔
حجام کی تصویر سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گئی، اس کی وجہ شہریوں کا وہ غم و غصہ ہے جو کم ہونے میں نہیں آرہا۔ پشاور کا میٹرو بس منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود کئی سال گزرنے پر بھی مکمل نہ ہوا، عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کیا ملنی تھی طویل عرصے سے راستوں کی ٹوٹ پھوٹ کے سبب علاقہ مکینوں اور تاجروں کی آمدورفت عذاب ہو گئی۔
ریپڈ بس نہ چلی تو ایک حجام نے موقع پاکر اپنی دکان کھول لی اور لوگوں کے بال بنانے لگا۔ اب لوگ بس پر سفر کیلئے آنے کی بجائے حجام سے بال کٹوانے ہی ریپڈ بس انڈر پاس کا رخ کرنے لگے ہیں۔