پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر کرکٹ میں بہتری لانے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات لانے کے فیصلے اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو بند کرنے کے بعد سوئی سدرن گیس کے ہیڈ کوچ عتیق الزماں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر اس وقت لنکاشائر خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس ڈھانچے کا حصہ نہیں بننا چاہتا جس میں کھلاڑیوں کو بے روزگار اور ان کے اہلخانہ کو سڑکوں پر پہنچا دیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے وزیر اعظم عمران خان نے بطور پی سی بی پیٹرن نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیکیفیشن بھی جاری کردیا تھا جس کے مطابق اب سولہ ریجنل ایسوسی ایشنز کو چھ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
نئے سیٹ اپ میں پنجاب سینٹرل، پنجاب سدرن، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن کے ریجنز اور ٹیمیں شامل ہیں جبکہ وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹس کو نئے نظام میں پی سی بی سے تعاون کرنے کی ہدایات بھی دی تھیں۔