انقرہ: پولیس نے ایک کار کو ناکے پر روکا اور جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ایسی چیز برآمد ہوئی کہ پولیس والوں کے منہ بھی حیرت سے کھلے کے کھلے رہ گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کار میں ایسا مواد لے جایا جا رہا تھا جو ایٹمی ہتھیار بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ مواد کیلفورنیم تھا جو 18.1 گرام کی مقدار میں گاڑی سے برآمد ہوا۔ جس کی قیمت ایک اندازے کے مطابق 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (تقریباً 11 ارب 29 کروڑ روپے) تھی۔ رپورٹ کے مطابق یہ مواد ترکی کے شمال مغربی صوبے بولو (Bolu) میں ایک ناکے پر برآمد کیا گیا۔ ملزمان نے اسے ایک بیگ میں ڈال کر گاڑی کے گیئر کے نیچے چھپا رکھا تھا۔ گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا اور مواد کو ترکش اٹامک انرجی ایجنسی بھجوا دیا گیا جہاں اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مواد ایٹمی ہتھیار بنانے اور ایٹمی توانائی ری ایکٹرز کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔