گاڑیوں کی غلط پارکنگ پر جرمانہ 15 ہزار تک ہوسکتا ہے جب کہ لیٹ فیس کے ساتھ جرمانہ 23200 روپے کردیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ پارکنگ ایریاز کے 500 میٹر اطراف میں غیر قانونی طور پر پارک کی گئی موٹر سائیکل پر 5 ہزار اور بڑی گاڑیوں پر 15 ہزار تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھاری جرمانے پر لیٹ فیس چارجز میں بھی کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کے تحت تاریخ نکل جانے کے بعد تاخیر سے جرمانہ ادا کرنے والوں کو لیٹ فیس کی مد میں مزید 7 سے 8 ہزار کی ادائیگی کرنا ہوگی یعنی کل جرمانہ 23 ہزار سے تجاوز کرسکتا ہے۔
اس قدر زیادہ جرمانہ عائد کرنے کا مقصد لوگوں کو میونسپل کی جانب سے پارکنگ کیلئے مختص کیے گئے 26 ایریاز میں ہی گاڑی پارک کرنے کا عادی بنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے ٹریفک پولیس کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی بھرتی کیا گیا ہے۔