Aaj Logo

شائع 06 جولائ 2019 04:06pm

'ہر کہانی کا ایک اختتام ہوتا ہے، لیکن زندگی میں ہر اختتام ایک نیا آغاز ہے'

گزشتہ روز بنگلادیش کو 94 رنز سے شکست دینے کے باوجو پاکستانی ٹیم عالمی کپ 2019 کے سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی۔ بنگلادیش کیخلاف کھیلا گیا میچ عالمی کپ میں قومی ٹیم کا آخری میچ ثابت ہوا جبکہ آل راؤنڈر شعیب ملک کے کیریئر کا اختتام بھی ہوگیا۔

شعیب ملک عالمی کپ میں آخری میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تو نہیں تھے مگر انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

شعیب ملک کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کردیا ہے۔

انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہر کہانی کا ایک اختتام ہوتا ہے، لیکن زندگی میں ہر اختتام ایک نیا آغاز ہے۔ آپ نے 20 سال تک فخر کے ساتھ اپنے ملک کے لئے کھیلا۔ آپ نے جو کچھ بھی حاصل کیا، مجھے اور اذہان کو اس پر فخر ہے'۔

واضح رہے شعیب ملک نے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنے اہلخانہ کو زیادہ وقت دے پائیں گے اور ٹی ٹوینٹی پر توجہ مرکوز کریں گے۔

Read Comments