اسلام آباد: گزشتہ شب سینئر صحافی حامد میر کا پروگرام نجی ٹی وی سے چلتے ہوئے اچانک غائب ہوگیا اور اشتہارات چلنا شروع ہوگئے جس پر ملک میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی کے اس پروگرام میں حامد میر کے خصوصی مہمان سابق صدر آصف علی زرداری تھے، پروگرام تو پورا نشر نہ ہو سکا لیکن آصف زرداری اور حامد میر کا ایک کلپ ضرور وائرل ہو گیا ہے، جس میں سابق صدر بڑا دعویٰ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ آصف زرداری سینئر صحافی کو بتاتے ہیں کہ "لندن میں ایک تحقیقات ہو رہی ہیں، ان کا بہت بڑا اسکینڈل آ رہا ہے"۔ حامد میر نے کہا "عمران خان صاحب کا؟" آصف زرداری نے تصدیقی انداز میں جواباً صرف معنی خیز "جناب" کہہ کر اکتفا کیا۔ زرداری صاب جس سکینڈل کا اشارہ دے رہے ہیں کچھ عرصہ قبل @AbidSherAli نے بمعہ ثبوت ان حقائق سے پردہ اٹھا دیا تھا کہ کیسے برطانیہ اور امریکا میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ سے ملتے جلتے نام کی کمپنیاں بنا کر پیسہ یہاں سے وہاں منتقل کیا گیا اور بعد میں کمپنیاں تحلیل کر دی گئیں pic.twitter.com/RYloas6buw — Syed Kousar Kazmi (@Syedkousarkazmi) July 1, 2019 نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیف سید کوثر کاظمی نے اس کلپ کو ری ٹویٹ کیا اور ساتھ لکھا کہ "آصف زرداری جس اسکینڈل کا اشارہ دے رہے ہیں کچھ عرصہ قبل عابد شیر علی نے بمعہ ثبوت ان حقائق سے پردہ اٹھایا تھا کہ کس طرح برطانیہ اور امریکہ میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ سے ملتے جلتے نام کی کمپنیاں بنا کر پیسہ یہاں سے وہاں منتقل کیا گیا اور بعد میں کمپنیاں تحلیل کر دی گئیں"۔