Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 جولائ 2019 05:02am

اجمیر شریف: خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ خطرے میں

اجمیر شریف: شرپسند ہندوؤں نے پُرہجوم تشدد (موب لنچنگ) کے ذریعے مسلمانوں کو بہیمانہ و انسانیت سوز ظلم و بربریت کا نشانہ بنانے کے بعد اب درگاہ اجمیر شریف آنےوالے زائرین پر بھی حملے کی دھمکی دے دی ہے۔

بھارت میں آباد اقلیتوں کو بالعموم اور مسلمانوں کو بالخصوص نشانہ بنا کر ان پہ اپنی دھاک و دہشت بٹھانے کے خواہش مند جنونی ہندوؤں کی جانب سے دھمکی راجپوت کرنی سینا کی جانب سے دی گئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دی جانے والی دھمکی کی وڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ’وائرل‘ ہوئی تو درگاہ اجمیر شریف کے ناظم نے متعلقہ پولیس تھانہ میں باقاعدہ رپورٹ درج کرادی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی ایشیا کے ممتاز صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ کی درگاہ کا انتظام سنبھالنے والی کمیٹی کے ناظم شکیل احمد نے راشٹریہ راجپوٹ کرنی سینا کے صدر سکھدیوں سنگھ گوگامیڑی کے خلاف تھانہ درگاہ میں مقدمہ درج کرایا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق درگاہ تھانہ کے انچارج ہیمراج نے تصدیق کی ہے کہ انہیں ناظم کی جانب سے تحریری شکایت ملی ہے جس میں کرنی سینا کے صدر کی جانب سے سوشل میڈیا پرڈالی جانے والی وڈیو کا حوالہ دیا گیا ہے۔

وائرل ہونے والی وڈیو میں کہا گیا ہے کہ امرناتھ یاترا شروع ہونے جا رہی ہے، اگر اس پہ کوئی دہشت گردانہ حملہ ہوا تو حج کے بعد اجمیر شریف کی درگاہ آنے والے زائرين بھی خود کو محفوظ نہ سمجھیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ناظم کی جانب سے درج کرائی گئی تحریری شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گوگامیڑی دو فریقین کے درمیان تعصب پھیلانے اور مذہبی منافرت پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

درگاہ تھانہ کے انچارج ہیمراج کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس ضمن میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ المعروف خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ صدیوں سے اس طرح قائم ہے کہ وہاں مسلمانوں کے علاوہ ہندوؤں سمیت دیگر مذاہب کے لوگ جوق در جوق آتے ہیں۔ بھارت کے حکمرانوں سمیت بالی ووڈ کے ستاروں کا بھی وہاں جمگھٹا لگا رہتا ہے۔

مذہبی تفریق سے بالاتر سمجھی جانے والی درگاہ کے زائرین کو دی جانے والی دھمکی نے بھارت میں آباد لوگوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

Read Comments