پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر بوم بوم آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ یونس خان سے سب کو مسائل تھے اور ان کے خلاف سازش میں وہ بھی شامل تھے۔
گزشتہ دنوں سعید اجمل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے 2009 کی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران اس وقت کے کپتان یونس خان کے خلاف ٹیم میں گروپنگ کا انکشاف کیا تھا جس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ میں یہ تمام چیزیں اپنی کتاب میں لکھ چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بھی یونس خان کیخلاف سازش کا حصہ تھا، میں اس وقت وائس کپتان تھا اور ہمیں بلایا گیا تھا۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میں نے اپنی کتاب میں اس لڑکے کا نام نہیں لکھا کیونکہ ہم سب نے حلف اٹھایا تھا، جس پر میزبان نے محمد یوسف کا نام لیا تو انہوں نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لوں گا مگر ہاں کچھ لوگوں نے حلف کی خلاف ورزی کی تھی۔
بوم بوم نے مزید کہا کہ یونس خان سے سب کو مسائل تھے، ہم جب چیئرمین اعجاز بٹ کے پاس گئے تو سب نے اپنی اپنی شکایتیں کیں۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے چیئرمین سے کہا کہ آپ نے سب کی شکایتیں سن لی ہیں، یونس خان ہی کپتانی کیلئے بیسٹ چوائس ہیں، اب آپ یونس خان کو یہاں بلالیں تاکہ انہیں اس بات کا پتا چلے کہ ان سب لڑکوں کو آپ سے یہ یہ شکایتیں کی ہیں مگر انہیں کپتانی سے مت ہٹائیے گا کیونکہ وہی سب سے بہترین انتخاب ہیں۔
بوم بوم نے مزید کہا کہ ہمارا یونس خان کو کپتانی سے ہٹوانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ یہ بھی کہا کہ کم سے کم میرا کوئی ایسا ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات اس کمرے سے باہر نہ جائے اس کے لئے حلف لیا گیا مگر دو لڑکوں نے حلف کی خلاف ورزی کی اور جاکر یونس خان کو سب کچھ بتادیا۔
اس کے بعد پروگرام میں دلچسپ گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا تو میزبان نے شاہد آفریدی سے کہا کہ آپ نے زندگی میں ایک میچ تو فکس کھیلا ہے۔ جس پر بوم بوم نے دریافت کیا تو میزبان نے بتایا کہ وزیرستان میں جب ایک ٹورنامنٹ ہورہا تھا تو آپ نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کہا تھا کہ میں جب آپ کو ایک گیند کرواؤں گا تب ہی اس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔
جس کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ ٹھیک ہے۔۔۔ جاتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ میں آپ (شاہد آفریدی) کی گیند پر چوکا ماروں گا۔ شاہد آفریدی نے اس واقعے کا ذکر اپنی کتاب میں بھی کیا ہے۔
آفریدی نے اپنی کتاب میں یہ ذکر کیا ہے کہ میں نہیں سمجھا انہوں نے اپنا پلان بتایا ہے یا آرڈر دیا ہے تو میں نے سوچا کہ میرے اور ملک کے بہترین مفاد میں یہی ہے کہ میں چوکا کھا لوں۔
جس کے بعد بوم بوم نے ایک ہلکی گیند کروائی اور آرمی چیف نے چوکا جڑ دیا۔ بوم بوم نے کہا کہ اگر میں ان کو بولڈ کرنا چاہتا تو بولڈ بھی کرسکتا تھا مگر وہ بڑے ہیں تو عزت میں ان سے چوکا کھایا۔
شاہد آفریدی نے ننانوے ورلڈکپ میں بنگلادیش سے شکست پر میچ کے مشکوک ہونے کا سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں کچھ کہہ تو نہیں سکتا مگر جس طرح کا ماحول اور ہماری ٹیم کی پرفارمنس تھی۔۔۔ تو مشکوک لگا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں کبھی کوئی سیاسی جماعت نہیں بناؤں گا مگر سیاست میں آنا ففٹی ففٹی ہے۔
شاہد آفریدی نے عبدالرزاق کے دعوے کی تردید کی کہ میں نے محمد عامر کو تھپڑ نہیں مارا۔