Aaj Logo

شائع 01 جولائ 2019 12:18pm

انگلینڈ سے شکست، وقار یونس بھارتی ٹیم پر برس پڑے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بولر وقار یونس بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے برس پڑے۔

تفصیلات کے مطابق بورے والا ایکسپریس سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر ورلڈکپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد برس پڑے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ آپ نہیں ہیں، جو آپ زندگی میں کرتے ہیں، وہ آپ کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کیا ہیں، پاکستان سیمی فائنل تک پہنچے یا نہ پہنچے میں اس سے پریشان نہیں بلکہ اس سے ہوں کہ کچھ چیمپئنز کی اسپورٹس مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہے۔

وقار یونس سے قبل شعیب اختتر نے بھی گزشتہ روز انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر بھارتی ٹیم پر سوال اٹھایا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست ہوئی جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔

بھارت کی اس شکست پر نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ میچ کے دوران کمنٹیٹرز نے بھی کہا تھا کہ یہ وہ بھارتی ٹیم نہیں لگ رہی جسے ہم عموماً دیکھتے ہیں۔

آخری 10 اوورز میں بھارت کی جانب سے جس سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اس سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں اور کرکٹ حلقوں میں یہ بات گردش کررہی ہے کہ بھارتی ٹیم یہ میچ جان بوجھ کر ہاری ہے تاکہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو اس وقت آسٹریلوی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے، بھارت اور کیویز 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے جبکہ انگلینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

Read Comments