ہیڈنگلے: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جمعے کو پریکٹس سیشن کے بعد ہیڈ نگلے میں نماز جمعہ کی امامت کی۔ ان کی امامت میں افغان کرکٹرز نے بھی نمازِ جمعہ ادا کی۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد حافظ قران ہیں اور باقاعدگی سے نماز پڑھتے ہیں۔
دوسری جانب ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے اپنے اگلے معرکے کیلئے تیاریوں کا آغازکردیا ہے۔ جمعہ کو پاکستانی ٹیم نے پریکٹس سیشن سے پہلے گراؤنڈ میں بیٹھ کر طویل میٹنگ کی اس دوران پچھلے میچ میں کارکردگی دکھانے والوں کی تعریف کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنے شائقین کی توقعات پوری کرے گا اور جیت کا تسلسل برقرار رکھے گا۔
ہیڈنگلے گراؤنڈ میں ہونے والی ٹیم میٹنگ میں ہیڈ کوچ مکی آرتھرکھلاڑیوں سے جذباتی خطاب میں کہہ رہے تھے کہ ورلڈ کپ میں ہمارے لئے ابھی بہت امکانات ہیں اس لئے آپ کو یہاں سے اپنے آپ کو مزید اعتماد کے ساتھ آگے لے جانا ہے، ٹورنامنٹ میں پاکستان بھی فاتح بن سکتا ہے۔