اسلام آباد: اثاثہ جات ظاہر کرنے کا آخری روز ہے، جس کے بعد بے نامی اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے والوں کو سات سال قید اور اثاثےضبط کیے جاسکتے ہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سےکالے دھن کو سفید کرنے اوراثاثہ جات ظاہر کرنےسےمتعلق ایمنسٹی اسکیم کی مدت آج ختم ہو جائےگی۔ گزشتہ روز ٹیکس دفاترمیں عوام کو معلومات دینے کے لیےسات کاؤنٹر رات آٹھ بجے تک کھلے رہے.
کمشنر ان لینڈ ریونیو و فوکل پرسن ایمنسٹی سکیم جمشید فخری ڈاہرکا کہنا تھا کہ عوام اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں، مقررہ تاریخ کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائیگی۔ مختلف زونز کے ڈپٹی کمشنرز کا کہنا تھا کہ اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے والوں کو آرڈیننس کے تحت مقرر کردہ سزا دی جاسکتی ہے جس میں جائیداد کی ضبطگی اور سات سال کی قید بھی شامل ہے۔ پاکستانی شہری آج بےنامی جائیدادوں اور اثاثوں کو ظاہرکر نے کے اس موقعے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں سے اثاثے ظاہر کرنے والے افراد کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ایف بی آر کے آن لائن پورٹل پر شدید دباؤ کی وجہ متعدد صارفین کو اثاثے ظاہر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجروں ، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی کی مدت میں وزیراعظم سے توسیع کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس بارے حتمی فیصلہ آج رات تک متوقع ہے۔ دوسری جانب چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کی جانب سے اسکیم کی تاریخ میں توسیع کی تردید کی گئی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اس اسکیم میں عوام کا مثبت ریسپانس سامنے آیا ہے۔