لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں ڈولفن فورس قائم کردی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس کو مری میں ڈولفن فورس کی فوری تعیناتی کے لئے ہدایات جاری کیں، جس کے بعد ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج ڈولفن فورس نے پٹرولنگ شروع کردی ہے۔
ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے گی۔ یہ فورس اسٹریٹ کرائم کے سدباب کے لئے بھی فرائض سرانجام دے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا۔ سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے ۔
وزیراعلیٰ نے مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کا بھی نوٹس لیا اور انتظامیہ کو سیاحوں کی شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ سیاحتی مقامات پر اوورچارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔
عثمان بزدار نے تنبیہ کی کہ آئندہ اوورچارجنگ کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔
وزیراعلیٰ نے مری میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مری میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔ پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔ انتظامیہ ہوٹل مالکان سے رابطے کر کے کرایوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے اقدامات کرے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ کیا جائے۔ جہاں بد تمیزی کی شکایت سامنے آئے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔