لندن: اتوار کو بھارت کیخلاف شکست کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دو دن کا آرام دیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز کھلاڑی لندن پہنچے اور آج لارڈز کے تاریخی میدان میں جم کر پریکٹس کی۔
لندن میں موجود آج نیوز کے نمائندے کے مطابق آرام کی غرض سے کھلاڑیوں کو دی گئی دو دن کی چھٹی کے دوران ان کی حوصلہ افزائی کی گئی تاکہ ماضی کی ناکامیوں کو بھلا کر ایک نئے جذبے کے ساتھ اتوار 23 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اتریں۔
پاکستان کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی کیلئے امکانات اب بھی موجود ہیں اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج بھی خاصی تبدیل دکھائی دی اور ایسا لگتا ہے جیسے انہوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرلیا ہے۔
واضح رہے پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی، سیمی فائنل میں رسائی کیلئے قومی ٹیم کو باقی ماندہ چاروں میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی۔