ناٹنگھم: پاکستان اور میزبان انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے ورلڈکپ کے چھٹے معرکے میں انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، گرین شرٹس کو 319 رنز پر سرفراز احمد کی صورت میں چھٹا نقصان اٹھانا پڑگیا۔
کپتان سرفراز احمد 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیل کر کرس ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل جارح مزاج بلے باز آصف علی 14 رنز اور محمد حفیظ بھی 62 گیندوں پر 84 رنز بنا کر ووڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے تھے۔
بابر اعظم 63، امام الحق 44 اور فخر زمان 36 رنز بناکر آف اسپنر معین علی کا شکار بنے تھے۔
اس وقت پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز ہے جبکہ کریز پر شعیب ملک 5 اور وہاب ریاض 0 کے اسکور کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ آج فیورٹ میزبان انگلینڈ کیخلاف کھیل رہی ہے۔
انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ۔۔۔۔
ناٹنگھم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے چھٹے میچ کا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان ائن مورگن نے جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
یاد رہے کہ ایونٹ میں انگلینڈ اپنا پہلا میچ جنوبی افریقا کیخلاف جیت چکا ہے جبکہ پاکستان ٹیم اپنی پہلی فتح کے انتظار میں ہے۔
میچ سے قبل انگلینڈ کے کپتان مورگن ، جو روٹ اور ٹیم کے کوچ نے پاکستان کو خطرناک ٹیم قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم باؤنس بیک کر سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف میچ میں ہمیں 10 اچھی گیندیں کرانی ہیں، عامر کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، وہ باصلاحیت بولر ہے جبکہ حسن علی کا گراف نیچے آیا ہے لیکن وہ آؤٹ کر رہا ہے۔