کراچی: ملک بھرمیں آج سے لاکھوں مسلمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔
رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اللہ کی خاص رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کیلئے ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد آج سے اعتکاف میں بیٹھ رہے ہیں۔
اعتکاف کیلئے لوگ 20 رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظرآتے ہی اعتکاف ختم کردیتے ہیں۔ ہر مسجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔
کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں ہزاروں لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔
لاہور میں بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار سمیت اہم مساجد میں اعتکاف کے حوالے سے تیاری مکمل کرلی گئی ہیں، سب سے زیادہ 15 ہزارسے زائد افراد منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں معتکف ہوں گے۔ اسی طرح جامع مسجد داتا دربار میں 2100 سے زائد افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق رواں برس ماہ رمضان 29 ایام پر مشتمل ہونے کا امکان ہے، منگل 4 جون کو شوال المکرم کا چاند نظر آجائے گا، اس طرح عیدالفطر بدھ 5 جون کو ہوگی۔