Aaj Logo

شائع 02 مئ 2019 05:45am

ٹونی اسٹارک نے 'ایونجرز:اینڈ گیم' میں مرکر کتنے پیسے کمائے؟

نیویارک: مارول اسٹوڈیوز کی اوینجرز سیریز کے مرکزی کردار رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر (آئرن مین) کی اصل اور فلمی زندگی میں امارت ایک مشترکہ چیز ہے۔

اوینجرز سیریز میں امیر ترین شخص ٹونی اسٹارک کا کردار نبھانے والے رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر حقیقی زندگی میں بھی فلموں میں کام کرنے کا اچھا خاصا معاوضہ کماتے ہیں۔

مارول اسٹوڈیوز کے ساتھ کام کرنے والے سُپر ہیروز میں سب سے زیادہ معاوضہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے وصول کیا۔ اسکارلیٹ جونسن (بلیک وِڈو)، کرس ایوانز (کیپٹن امریکا) اور کرس ہیمز ورتھ (تھور) نے مارول کی فلموں میں کام کرنے کیلئے 15 سے 20 ملین ڈالر کا معاوضہ وصول کیا۔

لیکن رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پس پردہ ڈیل کو ترجیح دی۔ اس ڈیل کے تحت انہیں فکس معاوضہ نہیں دیا گیا بلکہ ان کا فلم کے منافع میں سے حصہ رکھا گیا ہے۔ اس طرح آر ڈی جے نے بھی خوب جیبیں بھر بھر کے پیسہ کمایا۔

ہالی ووڈ رپورٹر ویب سائٹ کے مطابق منافع کی شرح کی ڈیل کے تحت رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر نے اوینجرز انفنیٹی وار سے 75 ملین ڈالر کمائے جبکہ اوینجرز اینڈ گیم سے ان کی کمائی 100 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر نے 'اسپائڈر مین ہوم کمنگ' میں تین دن کام کیا تھا جس کے عوض انہوں نے 15 ملین ڈالر یا روزانہ 5 ملین ڈالر کمائے۔

یاد رہے کہ اتنا پیسہ کمانے کے باوجود رابرٹ ڈاﺅنی جونیئر دنیا کے امیر ترین اداکار نہیں ہیں بلکہ اس لسٹ میں سرفہرست نام ڈوین جونسن (دی راک) کا آتا ہے، جنہوں نے نہ صرف ریسلنگ سے خوب پیسہ کمایا ہے بلکہ فاسٹ اینڈ فیوریس جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کرکے اپنی دولت میں خوب اضافہ کیا ہے۔

Read Comments