نئی دہلی:بھارت میں ملکی اور غیرملکی خواتین سے زیادتی کے واقعات تواترسے پیش آتے رہتے ہیں اور یوں لگتا ہے جیسے حکومت اور پولیس خواب غفلت میں ہے۔ ایسا ہی ایک اور واقعہ نئی دہلی میں پیش آیا جس میں ایک خاتون سے چلتی کار میں اجتماعی زیادتی کی گئی۔
بھارت کی سڑکیں خواتین کے لیے خوف و دہشت کا سامان بنتی جا رہی ہیں۔ کچھ دن گزرتے ہیں کہ آبرو ریزی کا نیا واقعہ پیش آجاتا ہے۔ حالیہ واقعے میں چھبیس سالہ خاتون کو رات گئے آٹو رکشا روک کر اغوا کیا گیا۔ ملزمان میں اس بار تین مردوں کے ساتھ ایک عورت بھی شامل تھی۔مظلوم خاتون کو چلتی گاڑی میں تین مردوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔نئی دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو متاثرہ خاتون جانتی ہے، مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بھارت میں سن دو ہزار چودہ میں خواتین کے ساتھ ریپ سمیت ظلم و تشدد کے ساڑھے تین لاکھ واقعات رپورٹ ہوئے۔ تینتیس ہزار خواتین کی آبروریزی کی گئی۔ تاہم یہ صرف رجسٹرد کیسز ہیں اور رپورٹ نہ کیے جانے والے واقعات کی تعداد ان سے کہیں زیادہ ہے۔