Aaj Logo

شائع 05 مارچ 2019 06:38am

ایسی آئس کریم جو موت کا باعث بن سکتی ہے

دنیا میں اس وقت بے شمار ایسی ڈشز کھائی اور بنائی جاتی ہیں جنہیں تیکھی اور تیز ترین کہا جاسکتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس فہرست میں ایک آئس کریم بھی شامل ہے؟

آئس کریم کا نام سنتے ہیں ذہن میں ایک میٹھی اور ٹھنڈی سی شے کا تصور ابھرتا ہے، جو دل و دماغ کو پرسکون کردیتا ہے۔

تاہم اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں ایسی آئس کریم دستیاب ہے جسے مرچوں سے تیار کیا جاتا ہے اور یہ آئسکریم عام مرچوں سے تیار نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لیے خاص قسم کی 'کیرولینا ریپرز' نامی مرچیں استعمال کی جاتی ہیں، جنہں دنیا کی تیکھی ترین مرچیں مانا جاتا ہے۔

مرچوں کا تیکھا پن ناپنے والے اسکیل یعنی اسکوول یونٹ پر اس کی درجہ بندی 15 لاکھ 69 ہزار 300 یونٹ کی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس آئس کریم کو کھانے کے لیے آپ کا 18 سال سے زائد عمر کا ہونا ضروری ہے۔

صرف یہی نہیں، اگر آپ اس آئسکریم کو چکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے پہلے آپ کو ایک دستاویز پر دستخط کرنا ہوں گے، جس کے مطابق آئسکریم کھانے کے بعد کسی انجری، بیماری حتیٰ کہ موت کی بھی ذمہ دار ریستوران انتظامیہ نہیں ہوگی۔

شیطان کی سانس کہی جانے والی اس آئسکریم کی تیاری کے وقت عملے کو موٹے دستانے پہننے پڑتے ہیں تاکہ وہ اس کے تیکھے پن سے محفوظ رہ سکیں۔

کیا آپ اس آئسکریم کو چکھنے کی ہمت کرسکتے ہیں؟

Read Comments